حصص مارکیٹ میں پھر مندی، 2 نفسیاتی حدیں گرگئیں
------------------------------------------------------------------------------------------
کراچی: اسلام آباد میں30 نومبر کے جلسے پرممکنہ سخت ردعمل کی صورت میں سیاسی تناؤ بڑھنے کے خطرات، خام تیل کی عالمی قیمتوں میں مزید کمی اور پرافٹ ٹیکنگ کا رحجان بڑھنے سے کراچی اسٹاک ایکس چینج میں ایک روزہ وقفے کے بعد جمعرات کو دوبارہ اتار چڑھاؤ اور مندی کے اثرات غالب ہوئے جس سے انڈیکس کی 31400 اور31300 کی 2 حدیں دوبارہ گرگئیں۔
مندی کے سبب 62 فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی جبکہ سرمایہ کاروں کے50 ارب 43 کروڑ17 لاکھ 61 ہزار401 روپے ڈوب گئے۔ ماہرین اسٹاک کا کہنا تھا 30 نومبر کے جلسے کے حوالے مارکیٹ میں پھیلنے والی افواہوں کے سبب سرمایہ کاروں نے محتاط طرز عمل اختیار کیا اوراپنی سرمایہ کاری سرگرمیوں کو دوبارہ محدود کردیا تاہم فارما سمیت بعض دیگر شعبوں میں دوراندیش سرمایہ کاروں نے نچلی قیمتوں پر خریداری بھی کی، ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر 89.65 پوائنٹس کی تیزی بھی رونما ہوئی جو بعدازاں پرافٹ ٹیکنگ کی وجہ سے زیادہ دیر برقرار نہ رہ سکی۔
کاروباری دورانیے میں غیرملکیوں، بینکوں ومالیاتی اداروں، میوچل فنڈز، این بی ایف سیز اور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے مجموعی طور پر71 لاکھ 19 ہزار258 ڈالر مالیت کی تازہ سرمایہ کاری کی گئی جبکہ اس دوران مقامی کمپنیوں کی جانب سے 26 لاکھ 80 ہزار 495 ڈالر اور انفرادی سرمایہ کاروں کی جانب سے44 لاکھ 38 ہزار763 ڈالر مالیت کے سرمائے کا انخلا کیا گیا جس کے نتیجے میں مارکیٹ مندی سے دوچار ہوئی۔
کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 184.37 پوائنٹس کی کمی سے 31270.10 ہوگیا جبکہ کے ایس ای 30 انڈیکس 170.55 پوائنٹس گھٹ کر20447.75 اور کے ایم آئی 30 انڈیکس 347.07 پوائنٹس کی کمی سے50022.46 ہوگیا، کاروباری حجم بدھ کی نسبت 19.66 فیصد کم رہا اور مجموعی طور پر19 کروڑ77 لاکھ18 ہزار 760 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار 387 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں122 کے بھاؤ میں اضافہ، 240 کے داموں میں کمی اور25 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
جن کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ان میں فلپس موریس پاکستان کے بھاؤ 31.33 روپے بڑھ کر990.33 روپے اور ایبٹ لیبارٹری کے بھاؤ 28.04 روپے بڑھ کر 844.42 روپے ہوگئے جبکہ رفحان میظ کے بھاؤ 200 روپے کم ہوکر10200 روپے اور ہینوپاک موٹرز کے بھاؤ 31.08 روپے کم ہوکر893.38 روپے ہوگئے۔
Comments
Post a Comment