امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں جماعت اسلامی کراچی کے ایک نمائندہ وفد نے ایس ایس سینٹرل نعمان صدیقی سے ملاقات کی


امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں جماعت اسلامی کراچی کے ایک نمائندہ وفد نے ایس ایس سینٹرل نعمان صدیقی سے ملاقات کی اور مدرسہ سیف الاسلام کی بچیوں اور طالبات کے حوالے سے پیدا ہونے والی صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیا ل کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ جماعت اسلامی کراچی کے نائب امراء مظفر احمدہاشمی ،مسلم پرویز ،سیکریٹری کراچی عبد الوہاب ،جماعت اسلامی ضلع غربی کے امیر عبد الرزاق خان ،ضلع وسطی کے سیکریٹری محمد یوسف اور دیگربھی موجود تھے۔ملاقات کے بعد حافظ نعیم الرحمن نے ایس ایس پی آفس کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاملہ دراصل مدرسہ انتظامیہ کی غفلت اور لاپرواہی کا نتیجہ ہے اور مدرسہ انتظامیہ کی غلطی ہے تاہم اس مسئلے کو سیاسی رنگ نہ دیا جائے اور نہ ہی اس مسئلے کی آڑ میں مدارس کے نظام کو نشانہ بنایا جائے ۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ اس واقعے کو بچیوں کے اغواء کا رنگ دینا بھی غلط ہے یہ معاملہ جس نوعیت کا ہے اسے اسی حد تک رکھا جائے ۔انہوں نے کہا کہ یہ بچیاں ہماری بچیاں ہیں ان کو فی الفور ان کے والدین کے حوالے کیا جائے ۔جماعت اسلامی اس معاملے میں ہر ممکن تعاؤن کرنے اور گارنٹر کے طور پر بھی اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہے ۔بعد ازاں حافظ نعیم الرحمن اور دیگر رہنماؤں نے ایس ایس پی کے باہر جمع ہونے والے بچیوں کے لواحقین سے بھی ملاقات کی اور ان کو ہر ممکن تعاؤن کی یقین دہانی کرائی

Comments