عمر اکمل کی معطلی کے خلاف اپیل

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے بیٹسمین عمراکمل نے ایک میچ کی معطلی کے فیصلے کے خلاف پاکستان کرکٹ بورڈ سے اپیل کر دی ہے۔
عمراکمل نے کھلاڑیوں کے کپڑوں اور سامان سے متعلق قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے قائد اعظم ٹرافی کے فائنل میں ایسا ٹراؤزر پہنا تھا جس پر کھیلوں کے ایک برانڈ کا لوگو لگا ہوا تھا جس کی اجازت نہیں ہے۔فائنل میچ میں ریفری سابق ٹیسٹ کرکٹر انور خان نے عمراکمل کو اس خلاف ورزی پر ایک میچ کے لیے معطل کردیا تھا۔ غور طلب بات یہ ہے کہ عمراکمل فائنل سے قبل بھی دو مرتبہ اسی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے تھے اگر یہ معاملہ دوسری مرتبہ ہوا ہوتا تو قوانین کے مطابق ان پرصرف جرمانہ عائد کیا جاتا لیکن تیسری مرتبہ خلاف ورزی کرنے پر انھیں ایک میچ کے لیے معطل کیا گیا۔اس معطلی کا اطلاق اگلے میچ پر ہونا تھا جو ڈومیسٹک یا انٹرنیشنل کوئی بھی ہو سکتا تھا۔ قائد اعظم ٹرافی کے فائنل کے فوری بعد عمراکمل دیگر ساتھی کرکٹرز محمد حفیظ، اظہر علی اور محمد رضوان کے ساتھ لاہور روانہ ہوگئے تھے جہاں سے انھیں پاکستانی ٹیم کے ساتھ نیوزی لینڈ روانہ ہونا تھا۔

عمراکمل ماضی میں بھی متعدد مرتبہ مختلف تنازعات کی وجہ سے شہ سرخیوں میں رہے ہیں

Image copyr

یہ بات طے تھی کہ ان پر ایک میچ کی معطلی کا اطلاق کسی ڈومیسٹک میچ کے بجائے پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان آک کلینڈ میں ہونے والے پہلے ٹی 20 انٹرنیشنل میں ہونا تھا۔ بی بی سی کو معلوم ہوا ہے کہ پاکستان کی ٹی 20 ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی نہیں چاہتے کہ عمر اکمل پہلے ٹی 20 انٹرنیشنل سے باہر ہوں اسی لیے اپیل کا راستہ اختیار کیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ عمراکمل ماضی میں بھی متعدد مرتبہ مختلف تنازعات کی وجہ سے شہ سرخیوں میں رہے ہیں۔ قائد اعظم ٹرافی کے حیدر آباد میں کھیلے گئے میچ کے دوران نائٹ پارٹی میں ان کی موجودگی اور پولیس سٹیشن لائے جانے کی خبریں اور تصاویر ذرائع ابلاغ کی زینت بنی تھیں۔ جس کے بعد انھیں انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے اعلان کردہ ٹیم سے باہر کردیا گیا تھا۔ ورلڈ کپ کے اختتام پر پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کوچ وقار یونس نے عمراکمل اور احمد شہزاد کے منفی رویے کے بارے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کو رپورٹ دی تھی۔جس کے نتیجے میں عمر اکمل بنگلہ دیش کے دورے سے ڈراپ کردیے گئے تھے اور احمد شہزاد کو صرف ٹی 20 ٹیم میں جگہ مل سکی تھی۔

Comments